November 20, 2023 | 01:34 pm

آئی سی سی نے ’’ٹیم آف دی ٹورنامنٹ‘‘ کا اعلان کردیا

icc nay team of the tournament ka elan kardia
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ 2023 مینز ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹیم کی کپتانی روہت شرما کے سپرد کی گئی ہے، روہت شرما نے میگا ایونٹ میں 54.27 کی اوسط سے 597 رنز بنائے۔

آئی سی سی نے اوپننگ بیٹرز میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر کوانٹن ڈی کاک اور روہت شرما کو رکھا ہے، ڈی کاک نے 59.40 کی اوسط سے ٹورنامنٹ میں 594 رنز بنائے۔

ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں ون ڈاؤن بیٹر ویرات کوہلی ہیں، کوہلی نے 95.62 کی ایورج سے 765 رنز بنائے، پھر ڈیرل مچل اسکواڈ میں شامل ہیں، مچل نے 69.0 کی اوسط سے 552 رنز بنائے۔

پانچویں نمبر پر کے ایل راہل ہیں، وہ 75.33 کی اوسط سے 452 رنز بناسکے، پھر آتے ہیں افغانستان کے خلاف دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہر دکھانے والے گلین میکسول، میکسول نے میگاایونٹ میں 66.66 کی ایورج سے 400 رنز بنائے۔

بھارت کے روندرا جڈیجا ساتویں نمبر پر ہیں، جڈیجا نے 40.0 کی اوسط سے 120 رنز بنائے ، جڈیجا نے میگا ایونٹ میں 16 وکٹیں اپنے نام کیں، پھر آتے ہیں فاسٹ بالر جسپرت بمرا، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کیں۔

نویں نمبر پر سری لنکا کے دلشان مدوشنکا ہیں، مدوشنکا نے 21 وکٹیں حاصل کیں، ان کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی ایڈم زمپا کا نمبر ہے، زمپا نے ٹورنامنٹ میں 23 وکٹیں لیں، اور گیارہویں کھلاڑی بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی ہیں، شامی میگا ایونٹ میں 24 وکٹیں حاصل کرسکے جبکہ بارہویں کھلاڑی پر جنوبی افریقہ کے کوٹزے کو رکھا گیا ہے، کوٹزے نے 20 وکٹیں اپنے کی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 7 اوورز قبل 6 وکٹوں سے شکست دے دی ، یوں آسٹریلیا نے چھٹی بار ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا۔