November 20, 2023 | 08:31 am

ورلڈ کپ فائنل، مودی اسٹیڈیم میں خاموشی، کمنز نے جو کہا کر دکھایا

cummins nay jo kaha kar dikhaya
کرکٹ ورلڈکپ فائنل سے قبل آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ ورلڈکپ فائنل میں ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں کو خاموش کرانے سے زیادہ اطمینان بخش کیا بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے اتوار کے فائنل میں بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کو بولڈ کرکے اسٹیڈیم میں موجود افراد کو چپ کرایا اور جیت کے جانب بڑھتے ہوئے جیسے وہاں سناٹا ہی کرادیا۔

ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ میں اس سے بہتر کارکردگی اپنے کھلاڑیوں سے توقع نہیں کرسکتا تھا۔ کمنز نے کہا کہ ہرجانب بلیو شرٹس تھی لیکن ان کے سامنے ہم نے اپنی برتری دکھائی۔ہمیں پچ پر نپی تلی بولنگ کرانے کی ضرورت تھی، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔

میچ کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آتش بازی کے مظاہرے کے دوران آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو وننگ ٹرافی دی اس موقع پر آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم بھی موجود تھے۔ نریندر مودی تھوڑی دیر کے لئے اسٹیج پر آئے اور ٹرافی دے کر چلے گئے۔

میگا ایونٹ کے فائنل کے بعد انہوں نے کہا کہ اگر 300بن جاتے تو مشکل ہوسکتا تھا۔ تمام کھلاڑی دلیری سے کھیلے۔ ٹریوس ہیڈ زخمی تھےلیکن سلیکٹرز نے ان پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2023ہماری ٹیم کی کامیابی کا سال تھا۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ آج ہمارا دن نہیں تھا، ہمیں 20،30مزید رنز بنانا تھے ،280اچھا اسکور ہوتا، آسٹریلیا نے بڑی شراکت کے بعد میچ ہم سے چھین لیا، کریڈٹ ٹریوس ہیڈ اور لیبوشین کو جاتا ہے۔

روہت شرما نے کہا کہ دوسری اننگز میں پچ آسان ہوگیا تھا، ہمیں بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت تھی، کوہلی اور راہول کے بعد کوئی بڑی شراکت نہیں بن سکی، ان دونوں کے بعد وکٹیں مسلسل گرتی رہیں جس کی وجہ سے بڑا اسکور نہ بن سکا۔

کینگروز پیسر جوش ہیزل ووڈ نے کہا کہ ورلڈ کپ کی یہ فتح 2015 کے ٹائٹل جیتنے سے زیادہ بڑی ہے، فائنل میں زبردست کراؤڈ تھا، ٹیم ایسے وقت میں متحد ہوئی جب اس کی ضرورت تھی۔

دریں اثنا آسٹریلیا کی فتح کے ہیرو ٹریوس ہیڈ نے فائنل میں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ویرات کوہلی کو ملا جنہوں نے765رنز بنائے۔ انہوں نے تین سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں بنائیں۔

فائنل کی تقریب کے مہمانوں میں آئی سی سی کے صدر گریگ بارکلے، چیف ایگزیکٹیو جیف ایلا ڈائز، آئی سی سی کے برانڈ ایمبیسڈر سچن ٹنڈولکر، بھارتی بورڈ کے صدر راجر بنی اور سیکریٹری جے شاہ بھی موجود تھے۔