November 16, 2023 | 11:48 pm

فیفا ورلڈکپ کوالیفائر: سعوی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے ہرادیا

FIFA world Cup qualifier saudi arab nay pakistan 0 4 say haradiya
فیفا ورلڈکپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو میں گروپ ایچ کے میچ میں سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے ہرادیا۔

پاکستان فٹبال کی تاریخ کا آج اہم دن تھا جہاں فیفا ورلڈکپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو میں قومی ٹیم سعودی عرب کے مدمقابل تھی۔

سعودی عرب کے الحسا پرنس عبد اللّٰہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے پہلے ہاف میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔ سعودی ٹیم کو صالح الشہری نے چھٹے منٹ میں گول اسکور کیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں پاکستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اسے کوئی کامیابی نہ مل سکی۔

پہلے ہاف میں اچھا مقابلہ کرنے کے بعد قومی ٹیم دوسرے ہاف میں بجھی بجھی دکھائی دی۔

دوسرے ہاف میں 48ویں منٹ میں موسیٰ خان کی غلطی کی وجہ سے سعودی عرب کو پنالٹی مل گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے دوسرا گول بھی داغ دیا۔

اضافی وقت میں سعودی عرب نے تیسرا گول کیا جب عبدالرحمان غریب نے گیند کو 91ویں منٹ میں جال کی راہ دکھائی جبکہ 96ویں منٹ میں عبداللّٰہ ردیف نے بھی گول کرکے برتری 0-4 کردی اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب ورلڈ رینکنگ میں 57ویں نمبر پر موجود ہے۔

خیال رہے کہ راؤنڈ ٹو کے گروپ جی میں سعودی عرب کے علاوہ پاکستان کے ساتھ اردن اور تاجکستان شامل ہیں۔

پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کوالیفائر اے ایف سی کے راؤنڈ ٹو تک رسائی حاصل کی ہے۔

قومی ٹیم کے غیر ملکی کوچ اسٹیفن کونسٹٹائن نے کہا تھا کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کےلیے پُراعتماد ہیں۔