November 17, 2023 | 12:19 am

ورلڈکپ میں وہاب ریاض میرے خلاف جنگ جیت گئے تھے، شین واٹسن

World Cup main wahab riaz mere khilaf wo jang jeet gaye thay shane watson
سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن نے ورلڈ کپ میں بیٹ اور بال کے درمیان جنگ میں وہاب ریاض کو فاتح قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ 2015 کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کا آسٹریلیا سے مقابلہ ہوا جہاں کم اسکور پر بھی قومی بولرز نے آسٹریلوی بیٹرز کو روکنے اور اسکور کا دفاع کرنے کی کوشش کی۔

اس دوران فاسٹ بولر وہاب ریاض نے ایک ایسا تباہ کن بولنگ اسپیل کروایا جو مدتوں یاد رکھا جائے گا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اسپیل کے دوران وہاب ریاض کے سامنے شین واٹسن تھے۔

وہاب ریاض میچ میں شین واٹسن کو تو آؤٹ نہ کرسکے، تاہم انہوں نے وکٹ لینے کا ایک موقع بنایا پر فیلڈر سے کیچ ڈراپ ہوگیا۔

ورلڈ کپ 2023 کے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے شین واٹسن نے وہاب ریاض کے اس اسپیل کا تذکرہ کردیا۔

ساتھی کمنٹیٹر کے تبصرے پر شین واٹسن نے اعتراف کرلیا کہ میرے خلاف وہ جنگ وہاب ریاض جیت گئے تھے، انکی بولنگ پر کیچ کا موقع بن گیا تھا لیکن کیچ چھوٹ گیا۔

خیال رہے کہ اس میچ میں شین واٹسن نے 64 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔