November 16, 2023 | 08:25 am

کرکٹ بورڈ کے اہم فیصلوں میں مصباح سے مشاورت نہیں کی گئی

cricket board kay eham faislo mein misbah sae mshawrt nahi ki gai
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ کی کارکردگی کے بعد اہم فیصلے کر لئے لیکن پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق اس مشاورت میں دکھائی نہیں دیئے اور نہ ہی پی سی بی کے میڈیا ریلیز میں اس کا ذکر ہے۔ مصباح ورلڈ کپ کے دوران کراچی میں ایک نجی ٹی وی کے لئے کام کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی میٹنگ کیلئے بھارت جانے سے قبل ذکاء اشرف نے زیادہ تر فیصلے خود کئے۔ اس بار ٹیکنیکل کمیٹی منظر سے غائب رہی۔ سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

وہاب ریاض کوسینئر اور سہیل تنویر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا جارہا ہے۔ وہاب ریاض اس وقت نگراں حکومت پنجاب کے وزیر ہیں ، انہیں وزارت چھوڑنا ہوگی۔

جبکہ شان مسعود اور شاہین آفریدی کو کپتان بناتے ہوئے ان کے عہدے کی معیاد کا اعلان نہیں کیا گیا ہے نہ یہ بتایا گیا کہ محمد حفیظ کی تقرری کتنی مدت کیلئے کی گئی ہے۔