November 14, 2023 | 11:03 pm

پی ایس ایل 9: حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کا فیصلہ، ذرائع

PSL 9 Government aur security idaron say mushawarat ka faisla
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل نے 9ویں ایڈیشن کی تاریخوں سے متعلق حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں پی سی ایل کی تمام چھ فرنچائزز کے نمائندوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن سے متعلق تمام امور پر تفصیلی غور کیا گیا جن میں آپریشنل اور لاجسٹیکل معاملات بھی شامل تھے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 9 کا ڈرافٹ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے اختتام کے فوراً بعد دسمبر کے وسط میں ہوگا۔

اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ چونکہ ملک میں عام انتخابات کے فروری 2024ء میں انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے لہٰذا پاکستان سپر لیگ 9 کی تاریخ کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں حکومت پاکستان سے مشورہ کیا جائے۔

پی سی ایل کی فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا کہ پی ایس ایل کے میڈیا حقوق کی فروخت کے عمل کو تیز کیا جائے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پی ایس ایل کی ونڈو اور وینیوز سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پی ایس ایل 9 کےلیے ونڈو آئندہ برس 8 فروری سے 24 مارچ رکھی گئی ہے۔ ونڈو سے متعلق حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی وجہ سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے ہامی بھری تو مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہوگی۔ انتخابات کی وجہ سے کوئی مشکل ہوئی تو وینیوز کے نئے آپشنز پر غور ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پی ایس ایل 9 کی ڈرافٹ پر بھی گفتگو ہوئی، پی ایس ایل ڈرافٹ کےلیے 15 دسمبر کی تاریخ دی جاچکی ہے۔