November 09, 2023 | 10:34 am

’ایک معیاری ہیلمٹ آپ کو ٹائم آؤٹ ہونے سے بچا سکتا ہے‘

aik mayari helmet apko time out honay sae bacha sakta hai

راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہی مہم میں سری لنکن کرکٹر اینجیلو میتھیوز کے ساتھ ہونے والے حالیہ واقعہ کا سہارا لے لیا۔

راولپنڈی ٹریفک پولیس نے سری لنکا کے بیٹر اینجیلو میتھیوز کی ٹوٹے ہیلمٹ والی تصویر شیئر کی اور تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ افسوس مگر ایک معیاری ہیلمٹ آپ کو ٹائم آؤٹ ہونے سے بچا سکتا ہے۔

ٹریفک پولیس نے یہ بھی کہا کہ موٹر سائیکل سوار کےلیے ہیلمٹ ضروری ہی نہیں لازمی بھی ہے۔

علم میں رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 38 ویں میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف اینجلو میتھیوز نے پہلی گیند کا سامنا کرنے کےلیے مقررہ دو منٹ سے زیادہ وقت لگایا، انہوں نے ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹا ہونے کی وجہ سے دوسرا ہیلمٹ منگوایا۔

بارہویں کھلاڑی نے دوسرا ہیلمٹ لانے میں دیر لگائی جس کے بعد بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ قرار دینے کی اپیل کی جو جنوبی افریقی امپائر نے قبول کرتے ہوئے سری لنکن کھلاڑی کو بغیر کوئی گیند کھیلے ہی آؤٹ قرار دیا۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قانون کے مطابق نئے آنے والے بیٹر کو دو منٹ کے اندر گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔