September 21, 2023 | 10:15 am

پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کیلئے آئندہ ہفتے بھارت روانہ ہوگی

pakistan team world cup kay liye aienda hafty bharat rawana hogi
پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے آئندہ ہفتے بھارت روانہ ہوگی، مگر تاحال ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کےلیے قومی اسکواڈ کے اعلان کےلیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا مشاورتی عمل طویل ہوگیا ہے۔

اس بارے میں ذرائع کا بتانا ہے کہ ورلڈ کپ کےلیے قومی اسکواڈ کی تشکیل سے متعلق حتمی سیشن آج ہوگا۔

ذکاء اشرف نے ایشیا کپ کے فائنل سے باہر ہونے کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینےکے بعد ہی اسکواڈ کا اعلان کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ انجریز کو سامنے رکھتے ہوئے تین اضافی کھلاڑیوں کو نان پلیئنگ ممبر کی حیثیت سے ساتھ رکھنے پر غورہو رہا ہےان میں ابرار احمد،زمان خان اور محمد حارث کی شمولیت کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ساتھ3اضافی کھلاڑی بھی سفر کریں گے تاہم یہ کھلاڑی سلیکشن کیلئے الیون میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ البتہ کسی انجری کی صورت میں آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے ان میں سے کسی کو ٹیم میں شامل کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

علم میں رہے کہ پاکستان ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی جبکہ ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان ٹیم 6 اکتوبر کو نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی ممکنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتی ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، سعود شکیل، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، افتخار احمد، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، حسن علی اور اسامہ میر۔