September 21, 2023 | 08:09 am

پاکستانی کوہ پیماء نائلہ کیانی کا ایک اور اعزاز

pakistani koh pema naila kyani ka aik aur aizaz
رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ پاکستانی خاتون کوہ پیماء نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، نائلہ 8163 میٹر بلند مناسلو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

خیال رہے کہ نیپال میں واقع ماؤنٹ مناسلو دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی ہے۔ نائلہ نے کل شام چھ بجے کیمپ ٹو سے سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی اور آج صبح سوا 7 بجے مناسلو کے ٹاپ پر پہنچیں۔

واضح رہے کہ نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون ہیں ۔ نائلہ اس سے قبل ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت ، جی ون، جی ٹو، اناپورنا ، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔

علم میں رہے کہ نانگا پربت ، جی ون، جی ٹو، اناپورنا ، لوٹسے اور براڈ پیک کے ٹاپ پر بھی نائلہ پہلی پاکستانی خاتون تھیں۔

نائلہ کیانی اس سیزن میں چین کی چو ایو اور شیشاپنگما بھی سر کریں گی ا ور نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا بھی عزم رکھتی ہیں۔