September 19, 2023 | 07:38 pm

بھارتی ایجنسیز کی پاکستان کے ایک اور میچ کی سیکیورٹی سے معذرت

Indian agencies ki pakistan kay ek aur match ki security say mazrat
بھارتی سیکیورٹی ایجنسیز نے پاکستان کے ایک اور میچ کو سیکیورٹی دینے سے ہاتھ کھڑے کر دیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے وارم اپ میچ کو بند دروازوں کے پیچھے کروائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی کی وجہ سے پاکستان کے وارم اپ میچ میں شائقین کرکٹ کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

شائقین حیدرآباد میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا وارم اپ میچ اسٹیڈیم میں نہیں دیکھ سکیں گے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدرآباد میں کھیلا جانا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نیوزی لینڈ وارم اپ میچ کے ٹکٹس بھی فروخت ہوچکے ہیں، تاہم اب بی سی سی آئی آن لائن ٹکٹنگ ویب سائٹ کو شائقین کو پیسے واپس کرنے کے احکامات جاری کرے گا۔

دوسری جانب بی سی سی آئی نے بھی اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ وارم اپ میچ شائقین اسٹیڈیم میں نہیں دیکھ سکیں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ شائقین جنہوں نے ٹکٹس بک کروائی ہیں انہیں پیسے واپس کیے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کی پولیس نے مذہبی تہوار کی وجہ سے میچ کو سیکیورٹی دینے سے ہاتھ کھڑے کر دیے۔

28 ستمبر کو ایک ہندو تہوار جبکہ 29 ستمبر کو عید میلادالنبیﷺ ہے، مذہبی تہواروں کی وجہ سے میچ کو سیکیورٹی دینا مشکل ہوگا۔

خیال رہے کہ بھارتی سیکیورٹی ایجنسیز حیدرآباد میں مسلسل دو میچز کی سیکیورٹی پر پہلے ہی تحفظات کا اظہار کر چکی ہیں۔

حیدرآباد میں 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ، نیدرلینڈز جبکہ 10 کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ شیڈول ہے۔