September 18, 2023 | 02:45 pm

ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا چناؤ کٹھن اور مشکل مرحلے میں داخل

worldcup kay liye qomi team ka chunao kathin aur muskil marhaly mien dakhil
رپورٹ: سید یحییٰ حسینی۔۔۔ بھارت میں 5اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کا چناؤ کٹھن اور مشکل مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ۔

کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق ایشیا کپ کی ناکامی کے بعد پہلے سے منتخب اسکواڈ میں ردوبدل کرنے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں ، دونوں کو اس بات کا شدت سے اندازہ ہے کہ ٹیم میں بناء تبدیلی گھاٹے کا سودا ہو گا۔

ادھر انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بظاہر اس تمام سلیکشن کے مرحلے میں کہیں دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں حالیہ ٹیم کی پرفارمینس کے بعد اضافی وکٹ کیپر محمد حارث ، اسپنر اسامہ میر ، فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر اور آل راونڈر فہیم اشرف کا کیس بہت کمزور ہوگیاہے ۔

تازہ ترین پیش رفت کے تناظر میں آل راؤنڈر حسن علی اور لیگ بریک گگلی بولر ابرار احمد کے نام قرعہ فعال نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔

مسلسل آؤٹ آف فارم رہنے والے ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان اور ٹیسٹ اوپنر فخر زمان کی سلیکشن پر تحفظات ضرور ہیں ، البتہ ان کے اسکواڈ سے باہر جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کے ممکنہ پندرہ کھلاڑی یہ ہوسکتے ہیں ۔
بابر اعظم (کپتان)، امام الحق، فخر زمان ، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، افتخار احمد ، سعود شکیل ، محمد رضوان (وکٹ کیپر )، ابرار احمد ، محمد نواز، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف، حسن علی اور زمان خان۔