September 14, 2023 | 11:34 pm

پاکستانی لڑکیوں نے ثابت کیا وہ ماڈرن ڈے کرکٹ کھیل سکتی ہیں، ندا ڈار

Pakistani larkiyon nay sabit kiya kay wo modern day cricket khel sakti hain nida dar
رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ کپتان پاکستان ویمنز ٹیم ندا ڈار نے کہا ہے کہ پاکستانی لڑکیوں نے ثابت کیا کہ وہ ماڈرن ڈے کرکٹ کھیل سکتی ہیں۔

کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ میرے لیے سب سے اہم یہ ہے کہ اس سیریز سے مثبت پہلو کیا نکالوں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف لڑکیوں کو موقع دیا، سب نے اہم کردار ادا کیا۔ آنے والے دنوں میں اور اچھے نتائج نظر آئیں گے۔

کپتان قومی ویمنز ٹیم کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کےلیے بلند حوصلے کے ساتھ جائیں گے۔ بھرپور تیاریاں ہیں، کوشش کریں گے کہ پاکستان کو دوبارہ گولڈ میڈل جتوائیں۔

ندا ڈار نے کہا کہ جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کے خلاف جس طرح قومی ٹیم نے کھیلا ہے وہ بہت زبردست تھا، اگر جنوبی افریقہ کو ٹی ٹوئنٹی میں 0-3 سے ہراسکتے ہیں تو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔

ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ینگ پلیئرز پر کسی طرح کا کوئی دباؤ نہیں تھا، ون ڈے میں ہم نے مختلف کامبی نیشن بھی ٹرائی کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ون ڈے چیمپئن شپ کے 6 میں سے 4 میچز جیتے ہیں، پاکستان ویمن ٹیم نے بطور ٹیم پرفارم کرنا شروع کردیا ہے۔

ٹیم کی کھلاڑی جویریہ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جویریہ بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں، ان کا کم بیک ہوسکتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ شوال ذوالفقار نے انڈر 19 میں اچھا کھیلا تھا، ہمارے لیے سب سے اہم بات پلیئرز کا پول تیار کرنا ہے۔