September 13, 2023 | 09:05 am

وقار یونس بھی دونتھ ویلالاگے کے ٹیلنٹ سے متاثر

waqar younis bhi dunith wellalage kay talent sae mutasir
ایشیا کپ میں بھارتی ٹاپ آرڈر بیٹر کو ہلا دینے والے اسپنر دونتھ ویلالاگے کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی تعریف کردی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وقار یونس نے دونتھ ویلالاگے ساتھ اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیا زبردست ٹیلنٹ ہے۔

وقار یونس نے مزید لکھا کہ میں کچھ سال پہلے ویلالاگے سے ملا تھا، سری لنکا میں کبھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ دونتھ ویلالاگے نے بھارتی ٹاپ آرڈر جن میں کپتان روہت شرما، شبمن گل اور ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کی۔

ان کے علاوہ دونتھ ویلالاگے نے کے ایل راہل اور پانڈیا کو بھی پویلین کی راہ دکھائی تھی، یوں وہ 5 وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بولنگ کے علاوہ دونتھ ویلالاگے نے بیٹنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے 46 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

علم میں رہے کہ اشیا کپ سپر فور کے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 213 رنز بنائے تھے، ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 41.3 اوورز میں 172 رنز بنا سکی۔