June 08, 2023 | 10:50 am

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز ملتوی کئے جانے کا امکان

westindies kay khilaf home series multavi kiye janay ka imkan
پاکستان کوفروری میں ویسٹ انڈیزکی ہوم سیریزمیں میزبانی کرنی ہے جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں مگر دونوں ملکوں کے مابین سیریز کو ملتوی کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آخر یہ سیریز کیوں ملتوی کی جائے گی تو اس بارے میں ذرائع نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن سے متصادم ہے کیونکہ پی ایس ایل کے لیے ونڈو 12فروری سے 10 مارچ رکھی گئی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویسٹ انڈیزکےخلاف سیریزملتوی کرنےکاامکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ویسٹ انڈیزکےخلاف ہوم سیریزرمضان کےبعداپریل کےوسط میں شروع کرنےپرغور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متصادم ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مختلف آپشنزپرغور کرنا شروع کردیا ہے لہٰذا پی ایس ایل کی ونڈو کے لیے پی سی بی کی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے شیڈول کیلئے ایمریٹس کرکٹ بورڈ(ای سی بی) سےبھی رابطہ ہوا ہے اور ای سی بی سے لیگ شیڈول سے دس روز پہلے شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو اجازت دینے کا ارادہ رکھتا ہے، اور اس کے علاوہ رمضان میں وائٹ بال کرکٹ کے میچز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔