June 07, 2023 | 03:48 pm

بیرون ملک کھیلنے والے کرکٹرز کی فٹنس کے بارے پریشان نہیں: ہارون رشید

baron mulk khailny waly crickters ki fitness kay baray mien pareshan nahi haroon rasheed
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے چئیرمین ہارون رشید کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں کھیلنے والے کرکٹرز کی فٹنس کے حوالے سے پریشان نہیں ہیں ، انہیں بیرون ملک کھیل کر کرکٹ فٹنس پر کام کرنے کا موقع مل رہا ہے ۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ 10 جون سے قومی کرکٹرز کا کیمپ نئی منجمنٹ کی سہولت کے لیے لگا رہے ہیں ، منجمنٹ میں نئے لوگ ہیں انہیں پاکستان کے بہترین پرفارمرز کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا ۔ یہ کیمپ دورہ سری لنکا ، ایشیا کپ ، ورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا کو سامنے رکھ کر لگایا جا رہا ہے ۔ بہترین پرفارمرز کو دیکھا جائے گا اور باصلاحیت کرکٹرز کو فاسٹ ٹریک کیا جائے گا۔

ہارون رشید کا کہنا ہے کہ بیرون ملک کھیلنے والے کرکٹرز کی فٹنس کے بارے پریشان نہیں ، جن کے پاس کرکٹ کھیلنے کے مواقع ہیں انہیں اجازت دی جا رہی ہے ، اس سے بیرون ملک کھیلنے سے ان کی کرکٹ فٹنس قائم رہے گی ۔

ہارون رشید نے کہا کہ ماضی میں سلیکشن کمیٹی اور منجمنٹ میں ایک گیپ پایا جاتا تھا ، جس طرح اب سلیکشن کمیٹی بنائی گئی ہے اور اس میں منجمنٹ کے لوگ شامل ہیں تو اس سے منجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان یہ دوری کم ہو ئی ہے ، سلیکشن کمیٹی کے نئے طریقہ کار سے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں ، روٹیشن پالیسی اپنائی جا رہی ہے ۔ مزید چیزیں بہتر ہوں گی ، ویسے بھی ہمارا پول 20 سے 25 پلئیرز کے گرد گھومتا ہے اس لیے کوئی مسئلہ نہیں ، جہاں تک ڈومیسٹک کا تعلق ہے ڈومیسٹک کرکٹرز کے بارے میں بتانے کے لیے کوچز موجود رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر کے ساتھ رابطہ رکھنے میں کوئی مشکل نہیں ، ہم نے ٘مختلف گروپس بنائے ہوئے ہیں ، سب کچھ اس میں شئیر ہوتا ہے ، ویسے بھی مکی آرتھر ستمبر کے بعد مکمل وقت کے لیے دستیاب ہوں گے اس لیے کوئی ایشو نہیں۔