June 05, 2023 | 08:32 am

مہنگائی کے سبب پاکستانی کرکٹرز کے معاوضے 20 فیصد بڑھنے کا امکان

mehnagai kay sabab pakistani crickters kay mawzqy barhaya ka imkan
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر کام شروع کردیا۔ امکان ہے کہ معاہدوں میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور کپتان بابر اعظم کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب معاوضوں میں بیس فیصد اضافے کا امکان ہے۔ ڈیٹا کی مدد سے کھلاڑیوں کی تنزلی اور ترقی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق کپتان اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ فواد عالم، حسن علی، یاسر شاہ، نعمان علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود کا کنٹریکٹ برقرار رکھنا مشکل ہے ، سابق کپتان سرفراز احمد کو ترقی مل سکتی ہے۔ بابراعظم ، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب، فخر زمان اے کیٹگری میں برقرار رہیں گے، فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ کو بھی ترقی ملے گی۔

نوجوان پیسر نسیم شاہ ریڈ اور وائٹ دونوں کیٹگریز کا حصہ ہوں گے۔ افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، اسامہ میر اور زمان خان کو کنٹریکٹ دیے جائیں گے ۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں اس لیے پی سی بی نے اگلے ایک سالہ مدت کے لیے نئے کنٹریکٹ کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے اور نئے معاہدوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے، کئی قومی کرکٹرز کی ترقی و تنزلی ہوگی جبکہ کئی کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہوں گے، ریڈبال اور وائٹ بال کیٹگریز کو جاری رکھنے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ اس سال پہلے رمیز راجا نے ریڈ بال اور وائٹ کرکٹ کی الگ الگ کیٹگریز متعارف کرائی تھیں، ریڈ اور وائٹ بال میں اے، بی، سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹگریز شامل تھیں ۔

ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ عثمان واہلہ ،چیف سلیکٹر ہارون رشید، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، ڈائریکٹر مکی آرتھراور بابر اعظم کی مشاروت سے فہرست کو حتمی شکل دیں گے۔ فائنل لسٹ سے پہلے کپتان بابر اعظم کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں اے، بی، سی کے علاوہ ایمرجنگ کیٹگری بھی شامل ہوں گی۔