May 31, 2023 | 01:02 pm

ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ سلیکٹرز نے کرنا ہے: اسامہ میر

worldcup squad mein shamil karnay ka faisla selectors nay karna hai usama mir
انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ووسٹرشائر ریپڈز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی کرکٹر اسامہ میر نے کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ سلیکٹرز نے کرنا ہے مگر کوشش ہے جس فارمیٹ میں کھیلوں بہترین پرفارمنس دوں۔

جیو نیوز کی نمائندہ صائمہ ہارون سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسامہ کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پہلی مرتبہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا اور اتنا اچھا پرفارم کیا، بچپن سے ہی خواہش تھی کہ ایک نہ ایک دن کاؤنٹی کرکٹ میں پرفارم کروں۔

نوجوان لیگ اسپنر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں میرا صرف تین میچز کا کانٹریکٹ تھا اسی لیے کوشش تھی کہ ایسا پرفارم کروں کہ بعد میں یہ ضرور سوچیں کہ کاش پورے سیزن کےلیے سائن کر لیتے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی دوبارہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا، بولنگ ہو یا بیٹنگ کوشش رہتی ہے کہ ٹیم کے لیے وننگ پرفارمنس دوں۔

ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں اپنے تجربے سے متعلق اسامہ میر کا کہنا تھا کہ اظہر علی جیسے لیجنڈ کرکٹر ووسٹرشائر کا حصہ تھے، ان کے کاؤنٹی کرکٹ کے تجربے سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، کوچ قدیر علی اور کرکٹر کاشف علی نے بھی بھرپور سپورٹ کیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق بات کرتے ہوئے اسامہ میر نے کہا کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی پہلی مرتبہ نمائندگی کی جس پر بہت پزیرائی ملی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، کوچ اینڈی فلاور اور عبدالرحمان کے ساتھ ساتھ حیدر اظہر سمیت تمام سینئرز نے بہت سپورٹ کیا۔