May 30, 2023 | 10:22 am

اولمپئین سوئمر نے اب اپنے بیٹے کو سوئمر بنانے کی ٹھان لی

olumpian swimmer nay ab apny baity ko swimmer bnanay ki than li
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ اولمپئین سوئمر کرن خان نے اب اپنے بیٹے آلیان کو اولمپئین سوئمر بنانے کی ٹھان لی ہے ۔ کرن خان نے اپنے گھر کے سوئمنگ پول میں بیٹے کی بنیادی تربیتی شروع کر دی ہے وہ کہتی ہیں کہ آلیان پیدائشی ایتھلیٹ ہے وہ ضرور سوئمنگ کی ہماری فیملی میراث کو جاری رکھے گا ۔

کرن خان نے نیشنل گیمز کے لاہور میں ہونے والے سوئمنگ ایونٹ میں گولڈ میڈلز بھی جیتے انہوں نے نیشنل گیمز میں دوسرے بچے کی ماں بننے کے چند ہفتوں بعد حصہ لیا ، کہتی ہیں کہ اسپورٹس سے الگ ہونا میرے لیے آسان نہیں ہے میں گھر اور اسپورٹس کو بڑے اچھے انداز سے لے کر چل رہی ہوں ، دونوں میرے لیے ترجیح ہیں ، میں دونوں میں کوئی فرق نہیں کر سکتی ۔

کرن خان نے کہا کہ فیملی کی سپورٹ بہت ہے ، جوائنٹ فیملی میں رہتی ہوں ، جب میں سسرال میں ہوں تو تب میں ٹریننگ یا مقابلوں پر جانے کے لیے بچوں کو اپنی ساس کے پاس چھوڑ جاتی ہوں ۔ جب والدہ کے پاس آؤں تو بچے ان کے پاس ہوتے ہیں ۔ میری فیملی ، میری ساس اور میرے شوہر مجھے بہت سپورٹ کرتے ہیں ۔

اولمپئین کرن خان نے کہا کہ معاشرے میں بہت باتیں سننا پڑتی ہیں کہا جاتا ہے کہ میں گھر کیسے چلا رہی ہوں ۔ شوہر کیسے مان گئے، بچوں کا خیال کون رکھتا ہے ، شادی کے بعد بھی سوئمنگ، یہ ایسی باتیں ہیں کہ ان پر دھیان نہیں دیتی ، مجھے لگتا ہے کہ لوگ جو خود نہیں کر پاتے دوسروں کو کرتا دیکھ کر حسد محسوس کرتے ہیں ۔

کرن خان کے شوہر کا کہنا ہے کہ کرن خان کو سوئمنگ کی کوئی روک ٹوک نہیں ہے جب تک چاہے سوئمنگ کریں ۔ ان کی ملک کے لیے بڑی خدمات ہیں ان کو سوئمنگ سے روکنا زیادتی ہو گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرن خان نے آلیان کو دو سال کی عمر میں سوئمنگ سکھانا شروع کر دی ہے ، وہ خود اس کی کوچ ہیں ،کہتی ہیں آلیان پیدائشی ایتھلیٹ ہیں ،آٹھ ماہ کا تھا جب پہلی مرتبہ اسے سوئمنگ پول میں اتارا، اسے پانی پسند ہے ،سوئمنگ ہمارا فیملی کھیل ہے ۔ ہماری فیملی کا بچہ سوئمنگ نہ کرے ایسا ممکن نہیں ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ آلیان اولمپئین سوئمر بنے گا اور ہماری فیملی کی سوئمنگ کی میراث کو جاری رکھے گا۔