May 26, 2023 | 10:33 am

نیشنل گیمز کی تاریخ میں کے پی کیلئے پہلا جوڈو گولڈ میڈل

national games ki tareekh mien pehla judo gold medal
رپورٹ: فیضان لاکھانی۔۔۔ 34 ویں نیشنل گیمز میں جوڈو کے مقابلوں میں خیبرپختونخواہ کے صابر شاہ آفریدی نے آرمی کے شاہان علی کیخلاف فائنل باوٹ دس سیکنڈز میں جیت کر نیشنل گیمز کی تاریخ میں کے پی کیلئے پہلا جوڈو گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

کوئٹہ میں جاری 34 ویں نیشنل گیمز میں مینز جوڈو میں پاکستان آرمی کی برتری رہی ہے تاہم کے پی کے صابر شاہ آفریدی نے اس برتری کو کلین سوئپ میں تبدیل ہونے سے روک دیا ۔

صابر نے پہلی باوٹ میں واپڈا، دوسری میں بلوچستان اور تیسری میں پولیس کے جوڈوکا کو شکست دی جس کے بعد فائنل میں ان کا مقابلہ آرمی کے شاہان سے تھا ۔ انہوں نے یہ باوٹ دس سیکنڈز کے اندر جیت کر کے پی کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

نیشنل گیمز کی تاریخ میں پہلی بار کے پی نے جوڈو میں گولڈ میڈل لیا ۔ جوڈو کے دیگر مقابلوں میں آرمی نے مزید چار، واپڈا نے مزید تین گولڈ میڈلز حاصل کرلئے ۔

مردوں کے -50 کلوگرام مقابلوں میں آرمی کے حمزہ عاشق نے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ -73 کلوگرام کی کیٹیگری میں آرمی کے صداقت علی نے گولڈ،ایچ ای سی کے طاہر نے سلور میڈل جیتا، اکیاسی کلوگرام کی کیٹیگری میں آرمی کے محمد آصف نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

اوپن کیٹیگری میں شاہ حسین شاہ نے پاکستان آرمی کیلئے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ خواتین کی اوپن کیٹیگری میں واپڈا کی فوزیہ یاسر نے گولڈ میڈل جیتا ۔

واپڈا کی مریم نے 57، حمیرہ نے 52 اور کوثر اقبال نے 40 کلوگرام کیٹیگری کے گولڈ میڈلز جیتے ۔ جوڈو میں آرمی نے اب تک 9، واپڈا نے تین جبکہ ایچ ای سی اور کے پی نے ایک ایک گولڈ میڈل جیتا ہے۔