May 25, 2023 | 03:10 pm

یومِ تکریمِ شہدا کے موقع پر شاہد آفریدی کا خصوصی پیغام

youm e takreem kay moqay par shahid afridi ka khusui paigham
ملک بھر میں آج یومِ تکریم شہدائے پاکستان منایا جارہا ہے جس میں قوم شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔

اس خصوصی دن کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ میں لکھا کہ میں قوم کے ان بہادر ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہماری قوم کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عظیم قربانیاں دیں۔

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ ان کی شہادتیں ہر پاکستانی کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی، پاکستان زندہ باد۔

واضح رہے کہ یوم تکریم شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہےکہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے،آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

علم میں رہے کہ یومِ شہدائے تکریم پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر تھے۔

تقریب میں پاک فضائیہ، پاک بحریہ کے سربراہان، حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے ان کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی شریک تھے اور ان دونوں کھلاڑیوں نے یادگارِ شہدا پر پھول بھی رکھے۔