March 22, 2023 | 09:18 am

ہم نے شاہین آفریدی کو با اختیار کپتان بنایا ہے: عاقب جاوید

hun nay shaheen afridi ko baikhtiyar captain bnaya hai aqib javed
رپورٹ: سہیل عمران۔۔۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لگاتار دو مرتبہ چیمپئین بننے والی پہلی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو با اختیار کپتان بنایا ہے انہیں کنفیوز نہیں کیا جاتا جبکہ زمان خان کو ہم نے اس کی مہارت کی پہچان کرائی ہے وہ گفٹ اور ایک نایاب پلئیر ہے۔

عاقب جاوید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے زمان خان کو اس کی مہارت کی اتنی پہچان کرا دی ہے کہ اس کو یقین ہو گیا ہے کہ وہ کیا کیا کر سکتا ہے زمان خان جیسے کھلاڑی نایاب ہوتے ہیں بار بار پیدا نہیں ہوتے وہ تھرموسٹیٹ کی طرح کام کرتے ہیں اگر ایک جگہ سیٹ کر دیا تو وہ پھر چوبیس گھنٹے وہی ہیں جبکہ باقی تھرمامیٹر ہوتے ہیں خوشی سے اوپر غمی میں نیچے چلے جاتے ہیں زمان خان حقیقی مانوں میں ایک گفٹ ہے۔

لاہور قلندرز کی کارکردگی کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ ہم نے ایک طریقہ کار کے مطابق کام کیا اس میں مشکلات بھی پیش آئیں بہت تجربات کئے کبھی برینڈن میکلم کو تو کبھی اے بی ڈویلیئرز کو لائے بڑے ناموں کو لانے سے بھی بات نہ بنی کیونکہ جب تک مقامی کھلاڑیوں کی اسٹرنتھ نہیں ہو گی کامیابی نہیں مل سکتی چار غیر ملکی کھلاڑی آپ کو لیگ نہیں جتوا سکتے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ سب سے اہم آپ کا ایمرجنگ پلئیر ہوتا ہے اس کے لیے ہم نے پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا لوگ اس کے لیے ہمیں گالیاں دیتے تھے مذاق اڑاتے تھے اس کے بعد ہم نے ویلیو ایبل پلئیرز کو اکٹھا کرنا شروع کیا ۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان سات سال سے ہمارے ساتھ ہے چھ سال شاہین آفریدی کو پانچ سال حارث رؤف کو ہو گئے ہیں راشد خان ہمارے ساتھ تین سال سے ہے اچھے پلییرز آپ کے پاس ا جائیں تو پھر جانے نہیں دئیے جاتے اب آٹھ نو کھلاڑی تو آپ کے پاس رہتے ہیں اس کا مطلب آپ کی ٹیم بن چکی ہے

عاقب جاوید نے کہا کہ ان پچز پر بیٹنگ تو سبھی کر لیتے ہیں بولنگ کرنا کمال ہوتا ہے ، ہمارے پاس ایسے بولرز ہیں جنہیں دنیا مانتی ہے ہمارا سافٹ ٹارگٹ ڈیوڈ ویسا ہوتا ہے لیکن اس کی بھی سب سے زیادہ پانچ وکٹیں ٹی ٹوئنٹی میں ہیں۔

عاقب جاوید کاماننا ہے کہ پی ایس ایل کا کام سارا سال کرنا پڑتا ہے اور یہ کام منجمنٹ کر رہی ہوتی ہے جبکہ پی ایس ایل کے دوران کپتان کا عمل دخل ہوتا ہے اگر وہ جاندار طریقے سے لیڈ کر رہا ہے تو یہ سب سے شاندار چیز ہے ہم شاہین آفریدی کو کنفیوز نہیں کرتے پوری آزادی دیتے ہیں جس کا جو کام ہے اسے وہ کرنے دینا چاہیے باہر بیٹھ کر مینجمنٹ کرنے سے نتائج حاصل نہیں ہوتے شاہین آفریدی فیصلے خود کرتا ہے شاہین آفریدی نے خود بیٹنگ اوپر کرنے کا فیصلہ کیا اور ثمین رانا نے انہیں اسپورٹ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرا ہم نے ایک کلچر بنایا ہے یہ حقیقت میں ایک فیملی ہے ہم قلندرز دل سے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پہلے راشد خان نے کہا تھا کہ کھیلوں گا تو صرف لاہور قلندرز سے کھیلوں گا اور بھی ایسا کہہ رہے ہیں ڈیوڈویسا اور سکندر رضا نے بھی کہنا شروع کر دیا ہے کہ کھیلنا صرف لاہور قلندرز سے ہے ہم فیملی ہیں ہماری ٹیم میں جیت بھی سب کی ہے اورہار بھی سب کی ہے۔