March 15, 2023 | 02:32 pm

لاہور میں کشیدگی، پی سی بی نے کوالیفائر میچ سے متعلق اہم اعلان کردیا

pcb nay qualifier match sae mutaliq eham elan kardia
لاہور زمان پارک میں سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا کوالیفائر میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اعلان کیا کہ قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کوالیفائر معمول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا میچ ختم ہونے تک پولیس پیش قدمی نہیں کرے گی۔

علم میں رہے کہ لاہور میں کشیدگی کی وجہ سے سپر لیگ میں پلے آف سے قبل چاروں ٹیموں کے پریکٹس سیشن گزشتہ روز منسوخ کردیے گئے تھے، پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کو فائیو اسٹار ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم پہنچنے میں مشکل پیش آئی اور پریکٹس کو ختم کردیا گیا۔

سیکیورٹی حکام نے ٹیموں کے روٹ کو کلیئرکرنے سے انکار کردیا۔ پلے آف سے قبل چاروں ٹیموں نے شام کے وقت پریکٹس کرنا تھی۔ ٹیم ہوٹل زمان پارک کے قریب ہے اور ٹیموں کو اسٹیڈیم جانے کے لئے زمان پارک کے قریب سے جانا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں 16 مارچ کو پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی اور 17 مارچ کو کوالیفائر میں ہارنے والی اور پہلا ایلیمنیٹر جیتنے والی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی اور اس میچ کی فاتح 19 مارچ کے فائنل کےلیے کوالیفائی کرے گی۔