November 24, 2022 | 11:59 am

18 سالہ اسپنر ریحان احمد دورۂ پاکستان کیلئے انگلش اسکواڈ میں شامل

18 sala spinner rehan ahmed dora pakistan kay liye english squad mein shamil
انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نےدورہ پاکستان کیلئے لیسٹر شائر کے18 سالہ لیگ ریحان احمد کو انگلش ٹیم میں شامل کرلیاہے۔

لیسسٹر شائر کے لیگ سپنر نے صرف 3 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جن میں انہوں نے ایک شاندار سنچری اسکور کی اور میچ میں پانچ وکٹوں کی بہترین پرفارمنس بھی دے چکے ہیں۔

ریحان احمد اس وقت انگلینڈ لائنز کی طرف سے کھیل رہے ہیں، انہیں ایک نیٹ بائولر کے طور پر دورہ پاکستان کے دوران ٹیم کے ساتھ جانا تھا تاہم ریحان احمد کی انگلینڈ کے خلاف تین روزہ وارم اپ میچ میں شاندار پرفارمنس نے انگلش کوچز کو متاثر کیا لہٰذا ای سی بی نے نوجوان آل راؤنڈر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اگر ریحان احمد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو کرتے ہیں تو وہ انگلینڈ کے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی جانب سے سب سے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر برائن کلوز تھے جنہوں نے1949 میں نیوزی لینڈ کے خلاف18 سال اور 149 دن کی عمر میں پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔

علم میں رہے کہ ریحان احمد 13 اگست 2004 میں پیداہوئے، ریحان احمد پاکستان جونیئر لیگ کا پہلا ایڈیشن بھی کھیلنے کے قریب تھے۔ لیکن ای سی بی نے انہیں موسم سرما کا سیزن کھیلنے کیلئے جونیئرلیگ میں شمولیت سے روک دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔